بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے والے عوامی احتساب سے نہیں بچ سکیں گے، گیس پریشر بحال کیا جائے: پشتونخوا میپ

کوئٹہ میں جرائم کا راج، پولیس تھانوں سے مجرموں کو تحفظ مل رہا ہے، آئی جی نوٹس لیں: ضلع کمیٹی کا اجلاس


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغاکی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کی رپورٹس پیش کی گئی ۔اجلاس میں تحصیلوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے علاقائی یونٹس کے کانفرنسز کو جلد از جلد یقینی بنائیں تاکہ تحصیل کانفرنسز کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹیوز کے اراکین سردار ادریس بڑیچ، صورت خان کاکڑ، گل خلجی ، حضرت عمر ایڈووکیٹ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 52ویں برسی کے کامیابی اور عظیم الشان جلسہ عا م ضلع کمیٹی اور ضلع کوئٹہ کے تمام کارکنوں کو داد تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے ملتوی ہونے سے متعلق کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقا د کے لیے پارٹی مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہے اور حالیہ انتخابات میں پارٹی نے کوئٹہ کے 172یونین کونسلز پر چاروں ٹائونز میں پارٹی کے امیدواروں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ سے مشترکہ امیدواروں کو نامزد کر رکھا تھا جس کی بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی اور عوام کی بھرپور حمایت ہمارے امیدواروں کو حاصل تھی ۔ اور یہی وجہ ہے کہ انتخابات کو ملتوی کرنے میں جن سیاسی جماعتوں نے اپنا حصہ لیا وہ ہمارے مہم اور عوامی رائے سے گھبر ا چکے تھے ۔ بعض سیاسی پارٹیوں کی اصلیت بھی عوام کے سامنے آچکی جو اخباری بیانات ، سوشل میڈیا کے ذریعے انتخابی مہم چلاتے رہے جبکہ انتخابات کے ملتوی کرنے میں سرفہرست حصہ لیتے رہے ۔ اور ان کا احتساب ووٹ کی پرچی کی طاقت سے عوام ضرور کرینگے۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے عوام جن مسائل ومشکلات سے دوچارہیں فارم 47کی حکومت اور وہ سیاسی پارٹیاں جنہوں نے بلدیاتی انتخابات کوملتوی کرنے میں حصہ لیا اس کے ذمہ دار ہیں ۔اور نہ صرف امیدواروں کو مالی نقصانات سے دوچار کیا گیا بلکہ الیکشن کمیشن اور سرکاری خزانے کے کرورڑوں روپے ضائع ہونے کا سبب بنے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی فعالیت نچلی سطح پر عوام کو اقتدار حوالے کرنے کے مترادف تھی تاکہ گلی ، محلے ،وارڈ کی سطح پر عوام کے مسائل کو حل کرکے کسی حد تک عوام کو سہولیات دی جاسکے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی کے باوجود گیس کو فراہم نہیںکی جارہی ہے ، پورا سال گیس حکام صرف یہی طفل تسلیوں سے کام لیتی رہی کہ گیس کے پائپ لائن بچھائے جارہے ہیں ، مرمت کی جارہی ہے ، سردیوں میں پریشر اچھا ہوگا لیکن اب بھی کوئٹہ شہر کے اکثریت علاقوں میں گیس غائب ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی صرف مہنگے بلوں کو بھیجنے اور عوام /صارفین کو لوٹنے کے لیے بیٹھے ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر تمام علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے سے قبل گیس پریشر کو درست کرکے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح بعض علاقوںمیں کیسکو کی نااہلی کے باعث مسلط لوڈشیڈنگ کو ختم کرکے عوام کو ریلیف دیاجائے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں جاری چوری ، ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ، شہریوں کو زدکوب وزخمی کرنے کے واقعات کے ذمہ دار وہ پولیس تھانے ہیں جہاں جرائم پیشہ عناصر کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے ۔آئی جی پولیس کوئٹہ کے تمام پولیس تھانوں کی نگرانی خود کرنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے کیونکہ پولیس میں شامل کالی بھیڑیوں کے باعث پولیس فورس کا مورال خراب ہوتا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں ایگل سکواڈ اور پولیس وین عام شہریوں کو تنگ کررہے ہیں ، ڈی آئی جی کے مسلسل ہدایات کو پائمال کیا جارہا ہے،سپاہی ، ڈرائیور تک شہریوں کے گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں کو روک کر انہیں تنگ وہراساں کرنے، پولیس تھانے لیجانے اور رشوت پر مجبور کرتے ہیں جس کی پارٹی مذمت کرتی ہے ۔

WhatsApp
Get Alert