طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل، کوئٹہ اور چمن میں برفباری کا امکان، سردی کی شدت بڑھ گئی
گوادر، تربت اور قلات میں موسلادھار بارش، کان مہترزئی میں ٹریفک حادثہ، سنجاوی کا پارہ منفی 7 تک گر گیا: محکمہ موسمیات

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )بارش برسانے والا طاقتور مغربی موسمی سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے زیرِ اثر گوادر، جیونی، تربت، تمپ، مند، دشت، بیلا، قلات، سنجاوی اور دیگر علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں موسمِ سرما کی بارشوں کے ایک اور سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور متعدد علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، چمن، کچلاک، مسلم باغ، درہ کوژک ٹاپ، کان مہترزئی اور دیگر بلند و بالا پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ہے، جبکہ 20 جنوری سے برفباری کے ایک اور اسپیل کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ سنجاوی اور اس کے گردونواح میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وادی چویتر، شیرین، نشپہ، زرالین، پوئی شریف اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کے امکانات کے باعث سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔این ایچ اے بلوچستان نے برفباری سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کوئٹہچمن، کچلاکمسلم باغ سمیت تمام حساس سیکشنز میں برف ہٹانے والی مشینری اور تربیت یافتہ عملہ 24 گھنٹے تعینات رہے گا۔ اسی طرح پی ڈی ایم اے نے قومی شاہراہوں پر ممکنہ برفباری کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ کان مہترزئی کے مقام پر برفباری کے دوران دو ٹوڈی گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا۔کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ بیلا شہر اور گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے یخ بستہ ہواں کے ساتھ سردی میں اضافہ کر دیا، جس کے باعث بازار ویران نظر آئے اور شہریوں نے گرم مشروبات و ملبوسات کی خریداری میں دلچسپی لی۔ قلات میں بھی وقفہ وقفہ سے بارش جاری ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اور بارش کا سلسلہ 31 دسمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔تربت اور ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بارش کے ساتھ ہی متعدد فیڈرز پر بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں، بالخصوص مسافروں اور پہاڑی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
