کوئٹہ سول ہسپتال میں سال 2026 کے پہلے دن 6 بچے پیدا ہوئے، 3 لڑکے اور 3 لڑکیاں شامل ہیں، تمام بچے اور مائیں صحت مند ہیں: ڈاکٹرز

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سال 2026 کا پہلا دن خوشیوں، مسرتوں اور امیدوں کی نوید لے آیا، جہاں شہر کے سب سے بڑے سرکاری طبی ادارے سول ہسپتال کوئٹہ کے گائنی وارڈ میں یکم جنوری 2026 کو چھ بچوں کی پیدائش ہوئی۔ یہ نومولود بچے سال 2026 میں سول ہسپتال کے گائنی وارڈ میں پیدا ہونے والے پہلے بچے ہیں، جن کی آمد سے ہسپتال کے ماحول میں خوشی کی فضا قائم ہوگئی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق یکم جنوری کو پیدا ہونے والے ان چھ بچوں میں تین لڑکے اور تین لڑکیاں شامل ہیں۔ تمام پیدائشیں گائنی وارڈ میں تعینات ڈاکٹروں اور طبی عملے کی نگرانی میں کامیابی سے مکمل ہوئیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چھ کے چھ نومولود مکمل طور پر صحت مند ہیں جبکہ ماں کی حالت بھی تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔سول ہسپتال کوئٹہ کے گائنی وارڈ کے ڈاکٹرز کے مطابق نئے سال کے پہلے دن اتنی تعداد میں صحت مند بچوں کی پیدائش خوش آئند امر ہے، جو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور عملے کی محنت کا مظہر ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ تمام نومولود بچوں کا ابتدائی طبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد انہیں نرسری میں رکھا گیا ہے، جہاں ان کی باقاعدہ نگرانی جاری ہے۔گائنی وارڈ کے عملے کا کہنا ہے کہ سال کے پہلے دن بچوں کی پیدائش کو نیک شگون سمجھا جاتا ہے۔ اس موقع پر نہ صرف والدین بلکہ طبی عملے نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ کئی خاندانوں نے نئے سال کے موقع پر اولاد کی نعمت ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا اور اسے اپنے لیے خوش نصیبی قرار دیا۔واضح رہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ صوبے کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ہے جہاں روزانہ سینکڑوں مریض علاج کی غرض سے آتے ہیں۔ نئے سال کے پہلے دن چھ صحت مند بچوں کی پیدائش نے نہ صرف ہسپتال کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا بلکہ یہ لمحہ ہسپتال کی تاریخ کا ایک یادگار باب بھی بن گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے نومولود بچوں اور ان کی ماں کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور نئے سال میں بھی عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
