کوئٹہ اور شمالی بلوچستان میں خون جما دینے والی سردی، گیس غائب ہونے سے عوام رل گئے

بارش اور برفباری تھم گئی مگر درجہ حرارت گر گیا، مہنگی ایل پی جی اور لکڑی جلانے پر مجبور ہیں: شہریوں کی دہائی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، اگرچہ بارش اور برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم سرد موسم کے ساتھ گیس کی عدم فراہمی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ اور گردونواح کے علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ شدید سردی میں گیس کی بندش کے باعث شہریوں کو کھانا پکانے اور گھروں کو گرم رکھنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے وہ مہنگی ایل پی جی، لکڑی اور دیگر متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سردی کے اس شدید موسم میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برف باری کا حالیہ سلسلہ ختم ہو چکا ہے، تاہم آئندہ چند روز تک سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert