بلوچستان کی شاہراہیں خونی بن گئیں، این ایچ اے کی نااہلی سے حادثات میں ریکارڈ اضافہ : برفباری میں فوٹو سیشن تک محدود


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی نااہلی کے باعث بلوچستان بھر میں قومی شاہراہیں موت کے کنوئیں میں تبدیل ہو چکی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ایچ اے کے دعوے تو بہت معیاری ہیں لیکن زمینی حقائق اور سڑکیں انتہائی غیر معیاری ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ این ایچ اے کا عملہ سارا سال غائب رہتا ہے اور صرف بارشوں یا برفباری کے دوران ٹی اے ڈی اے اور مٹی ہٹانے کے نام پر بھاری کرپشن کرنے کیلئے نمودار ہوتا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چند سوشل میڈیا والوں کو ساتھ ملا کر فوٹو سیشن کرایا جاتا ہے اور پھر سال بھر اسی کمائی پر عیاشی کی جاتی ہے جبکہ سڑکوں کے پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، کنارے کٹ چکے ہیں اور گہرے گڑھے حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی سے اتنے لوگ نہیں مرتے جتنے این ایچ اے کی غفلت سے سڑک حادثات میں لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ، گورنر اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ این ایچ اے کے “ٹھیکیدار نما” افسران کی کارکردگی کا نوٹس لیں، کرپٹ افسران کو ہٹائیں اور حادثات کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا محاسبہ کریں، بصورت دیگر حکام بالا کو بھی ان اموات اور کرپشن میں برابر کا شریک سمجھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert