سال نو پر طلباکے لیے بھی بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب کے طلبہ کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پنجاب نے سال 2025 کو تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کا سال قرار دیتے ہوئے لیپ ٹاپ اسکیم کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ میں بھی 10 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت گزشتہ سال کی طرح 2025 میں بھی تعلیمی نظام کو مضبوط اور جدید بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ان کے مطابق جعلی داخلوں کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے جن کے نتیجے میں دو لاکھ سے زائد جعلی انرولمنٹس ختم کی گئیں جبکہ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 26 ہزار اساتذہ کو بحال کیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت نے نصاب اور امتحانی نظام میں تاریخی اصلاحات متعارف کروائیںامتحانی بورڈز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ای مارکنگ سسٹم نافذ کیا گیا، جس سے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا گیا جس کے تحت پنجاب کے 10 ہزار سرکاری اسکولوں میں ای سی ای رومز قائم کیے گئے اس کے ساتھ ساتھ 11 لاکھ سے زائد بچوں کو روزانہ غذائیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق 268 اسکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا، جبکہ اساتذہ سے متعلق ہراسانی کے 37 مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کو نجی شعبے کے طلبہ تک توسیع دینا تعلیمی مساوات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے بھر کے 450 کالجز میں میرٹ کی بنیاد پر پرنسپلز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی، جبکہ 29 سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
