مرتضیٰ وہاب نے معذرت کرلی

کراچی(قدرت روزنامہ)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کریم آباد انڈر پاس کے کام میں تاخیر پر معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے سٹریٹ لائٹس کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس کے کام میں تاخیر ہوئی ہے جس پر وہ معذرت چاہتے ہیں۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق میئر کراچی نے کہا کہ انڈر پاس کا کام تیزی سے جاری ہے ، مخالفین کام کرکے بات کریں کام کیے بغیر بات نہ کریں ۔ 2026ءکا ایک اور کام پیپلزپارٹی کے منشور کے تحت کیاگیا ہے،کے ایم سی نے کراچی کے لیےاہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ پہلی بار روایتی لائٹس کی جگہ سولر پاور اسٹریٹ لائٹس پر منتقل ہوئے ہیں، پہلے فیز میں شارع فیصل سےایئر پورٹ تک سولر پاور پر منتقل کیا ہے۔ شارع ایران اور شارع غالب کو بھی سولر پاور پر منتقل کیا گیا ہے، ایئر پورٹ تک تمام لائٹس سولر ہیں، جن پر1 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔لائٹس خراب ہونے کی صورت میں کنٹریکٹر کو تلاش کیا جا رہا ہوتا ہے، کنٹریکٹ میں شامل کیا ہےجس کمپنی نے سولر لائٹس لگائیں، وہی اگلے 5 سال تک گارنٹی دے گی۔کے ایم سی سولر پاور لائٹس کے ذریعے سالانہ اڑھائی کروڑ روپے محفوظ کرے گی، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے سٹریٹ لائٹس بند نہیں ہوں گی۔
مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے جو وعدے کیے ہیں، انہیں پورا کریں گے، پیپلزپارٹی کی سوچ کے مطابق دلوں کو جوڑیں گے، ٹارگٹ یہ ہے کہ سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں۔ کے ایم سی کلین اور گرین انرجی کی جانب پیشرفت کررہی ہے، کے ایم سی کی عمارت کو بھی سولر لائٹس پر منتقل کیا ہے۔ اگلے فیز میں مائی کلاچی، سر شاہ سلیمان روڈ کی سٹریٹ لائٹس کو بھی سولر پر منتقل کریں گے، نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھ رہے ہیں اور منصوبے مکمل بھی کررہے ہیں۔ کریم آباد انڈر پاس کی تکمیل کے لیے30 ستمبر کی تاریخ دی تھی، انڈر پاس کا کام تیزی سے جاری ہے، اس کام میں تاخیر ہوئی، خود انجینئر نہیں ہوں کبھی کبھی تاخیر ہوتی ہے،جس پر معذرت چاہتا ہوں۔میں کہتاہوں 1 ارب سولر لائٹس پر خرچ کیے جماعت اسلامی نے کتنی رقم خرچ کی، سندھ کی خاص بات ہے دلوں کو جوڑتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فائبر کے ڈھکن کی کوالٹی کو چیک کیا جا رہا ہے، اگر فائبر کے ڈھکن کامیاب ہوگئے تو پورے شہر میں ڈھکن لگائیں گے، یوسی کو 1 لاکھ روپےاضافی اس لیے دے رہے ہیں تاکہ وہ پیسہ استعمال کیا جائے۔ دسمبر میں تمام یوسی چیئرمین کو بلاتفریق رقم فراہم کی گئی ہے، کام کریں تاکہ بنیادی مسائل حل ہوسکیں۔
