چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، ٹریفک روانی اور نکاسی آب بہتر بنانے کا حکم، انسکمب روڈ کی توسیع سے زرغون روڈ پر دباؤ کم

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جناب جسٹس کامران خان ملاخیل نے کوئٹہ میں چیف منسٹر ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے سمیت شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسکمب روڈ کی توسیع کے بعد ٹریفک کی تقسیم کار مؤثر ہوگئی ہے جس سے زرغون روڈ پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئی ہے، انسکمب روڈ سے روزانہ 20 سے 22 ہزار گاڑیاں ڈائیورٹ ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سڑکوں کی توسیع کے منصوبے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور سائنس کالج چوک تک تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مزید کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے امداد چوک پر نکاسی آب اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے حالیہ بارشوں کے بعد نکاسی آب کے کام مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔
