عمران خان مقبول ترین لیڈر ہیں، انکے خلاف بیان بازی ادارے کے وقار کے منافی ہے، آپریشن کا فیصلہ بند کمروں میں نہیں جرگے میں ہوگا: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

پشاور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، ایک ریاستی ادارے کی جانب سے ان کے خلاف سیاسی نوعیت کے بیانات ادارے کے وقار کے منافی اور جمہوری اقدار کے ساتھ مذاق کے مترادف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں 22 بڑے آپریشنز اور 14 ہزار انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے باوجود دہشتگردی ختم نہیں ہوئی، اب بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں، مسئلہ کا حل پریس کانفرنسز نہیں بلکہ قومی جرگے کے اعلامیے پر عملدرآمد ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کی مخالفت صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ صوبے کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہے، ماضی میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دینے والے عوام اور ان کے جمہوری مینڈیٹ کو دہشتگردی سے جوڑنا شہداء کے لواحقین کی توہین ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ماضی کی حکمت عملی اور اربوں روپے کے وسائل ضائع ہونے کے باوجود نتائج نہیں ملے تو اب نئے آپریشن کی کامیابی کی کیا ضمانت ہے؟ سہیل آفریدی نے زور دیا کہ صوبے میں دہشتگردی دوبارہ داخل کرائی گئی، اب فیصلے فرد واحد کی خواہش پر نہیں بلکہ اسٹیک ہولڈرز اور منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ہونے چاہئیں۔
