کوئٹہ: ٹریفک اہلکار کے تھپڑ مارنے پر ڈرائیور نے رکشہ جلا دیا، ڈی آئی جی تھانے پہنچ گئے، اے ایس آئی معطل، انکوائری شروع


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں ٹریفک پولیس کے رویے اور چالان پر طیش میں آکر زرنج ڈرائیور کی جانب سے رکشہ نذر آتش کرنے کے واقعے پر ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی روڈ تھانہ پہنچ کر ڈرائیور عبدالنبی سے ملاقات کی۔
ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک اور دیگر افسران کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ڈرائیور کو تھپڑ مارنے پر ٹریفک اے ایس آئی رؤف کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ کمشنر کوئٹہ کی جانب سے زرنج پر پابندی عائد ہے۔

ڈرائیور عبدالنبی 4 سال سے غیر قانونی طور پر رکشہ چلا رہا تھا، اس نے لائسنس اور رجسٹریشن نہ ہونے کے باوجود شناختی کارڈ دکھانے سے انکار کیا، جس پر اے ایس آئی نے اسے تھپڑ مارا اور ایک ہزار روپے نہ دینے پر گاڑی تھانے میں بند کر دی جس پر ڈرائیور نے طیش میں آکر رکشہ جلا دیا۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ ڈرائیور کو ماضی میں 90 فیصد بار باز پرس کر کے چھوڑا گیا جبکہ 10 فیصد بار وہ مبینہ طور پر پیسے دے کر چھوٹتا رہا۔

WhatsApp
Get Alert