بلوچستان کا طبی نظام تباہی کے دہانے پر، 1540 میں سے صرف 11 ہسپتال معیار پر پورے، سرکاری ہسپتال بھی بغیر لائسنس

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )بلوچستان میں ہیلتھ سروسز کے معیار کی صورتحال پر بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی رپورٹ نے تشویشناک انکشافات کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں صرف 11 اسپتال 2 سرکاری اور 9 نجی ہیلتھ سروسز کے مقررہ معیار پر پورے اترتے ہیں۔ ان اسپتالوں کو ایس او پیز کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی پر لائسنس جاری کیا گیا ہے۔ہیلتھ کیئر کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں کل 1540 اسپتال، لیبارٹریز اور طبی مراکز رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے 1529 اسپتال، کلینکس اور لیبارٹریز علاج کے بنیادی معیار پر پورا نہیں اترتے اور مریضوں کی حفاظت کے لیے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے۔کمیشن حکام نے کہا کہ سرکاری اسپتال بھی ہیلتھ کیئر کمیشن کے لائسنس کے بغیر چل رہے ہیں، جس سے طبی سہولیات کی ناقص صورتحال اور مریضوں کی حفاظت کے فقدان پر تشویش بڑھ گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صوبے میں طبی معیار کو بہتر بنانے اور مریضوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
