محکمہ کھیل بلوچستان میں فنڈز کی ہیرا پھیری، اینٹی کرپشن متحرک، سیکرٹری اسپورٹس سے تمام ریکارڈ طلب


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )ڈائریکٹوریٹ آف انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن ایسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے خلاف فنڈز کی غیر قانونی ہیر پھیری اور اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق تحقیقات کے لیے تفصیلی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔اینٹی کرپشن ایجنسی کے مطابق، شکایت میں دعوی کیا گیا ہے کہ 1 جنوری 2024 سے اب تک ڈیپارٹمنٹ کو مختلف مقاصد کے لیے دیے گئے فنڈز کو فراڈ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے ہڑپ کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ منیر احمد کی ہدایت کے مطابق اس سلسلے میں اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ سے درج ذیل دستاویزات فراہم کرنے کو کہا گیا ہے: ایونٹس کے کیلنڈر، ٹیم اور کھلاڑیوں کی تفصیلات، نتائج اور شماریاتی ریکارڈ، مالی و بجٹ دستاویزات، سہولیات اور سازوسامان کی رپورٹ، گورننس اور کمپلائنس کے ریکارڈ، میڈیا کوریج اور پروموشن کے ثبوت، خریداریوں کا مکمل ریکارڈ اور دیگر متعلقہ معلومات۔ڈائریکٹوریٹ نے سیکرٹری اسپورٹس کو ہدایت کی ہے کہ یہ ریکارڈ فوری طور پر تصدیق شدہ حالت میں فراہم کیا جائے تاکہ تحقیقات وقت پر مکمل کی جا سکیں۔ معاملہ فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی گئی کہ تمام معلومات ترجیحی بنیادوں پر پیش کی جائیں۔

WhatsApp
Get Alert