کوئٹہ میں گیس بحران پر نیشنل پارٹی کا احتجاج ‘ گیس کمپنی کے ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ چنگیز حء بلوچ، ڈاکٹر رمضان ہزارہ اور عیوض علی کی قیادت میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا، جس میں ہزارہ ٹان، مری آباد، سریاب اور دیگر علاقوں کے سینکڑوں کارکنان اور عوام نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے میں نیشنل پارٹی کے رہنماں نے کہا کہ شدید سردی کے موسم میں گیس کی عدم فراہمی عوام کے ساتھ ظالمانہ سلوک کے مترادف ہے اور کمپنی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات میں مسلسل کوتاہی عوام کی زندگی اجیرن بنا رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہزارہ ٹان، مری آباد اور سریاب کے علاقوں میں گیس کی فراہمی تقریبا معطل ہے، جس کے باعث بچوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دھرنے کے دوران نیشنل پارٹی کی قیادت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل مینیجر راحیل ملک اور ان کی ٹیم سے مذاکرات کیے۔ مذاکرات میں کمپنی نے عوامی مطالبات کو جائز اور قانونی تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر تکنیکی اور انتظامی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے وعدہ کیا کہ ذمہ دار افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور جہاں کوتاہی پائی گئی ہے،

ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نیشنل پارٹی کے رہنماں نے کامیاب مذاکرات کے بعد کہا کہ پارٹی ہمیشہ بات چیت اور جمہوری طریقہ کار کے ذریعے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سیاسی اور قانونی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔احتجاج اور مذاکرات کے نتیجے میں عوام نے دھرنا ختم کیا اور کمپنی سے عوامی سہولیات میں بہتری کی توقع ظاہر کی۔ نیشنل پارٹی کے رہنماں نے اس موقع پر کہا کہ اگر کمپنی نے اپنے وعدوں پر عمل نہ کیا تو احتجاجی تحریک کو وسیع سطح پر جاری رکھنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
