سرکاری ادویات بازار میں فروخت کرنے کا سنگین الزام، ڈی ایچ او واشک ڈاکٹر محمد اکبر رند معطل، ایک ہفتے میں انکوائری رپورٹ طلب


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)محکمہ صحت حکومت بلوچستان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) واشک ڈاکٹر محمد اکبر رند (گریڈ 19) کو سرکاری ادویات کھلے بازار میں غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کے سنگین الزام میں فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ 14 جنوری 2026 کو جاری ہونے والے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان ایمپلائز ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ (BEEDA) 2011 کے سیکشن (6) کے تحت مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری (ڈیویلپمنٹ) محکمہ صحت ثاقب کاکڑ کو ڈاکٹر محمد اکبر رند کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جنہیں ایک ہفتے کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکرٹری صحت مجیب الرحمن کے دستخطوں سے جاری اس حکم نامے کی نقول چیف سیکرٹری بلوچستان، ڈی جی ہیلتھ سروسز اور ڈپٹی کمشنر واشک سمیت تمام متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ فوری طور پر قانونی کارروائی اور شفاف انکوائری کو یقینی بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert