محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد کا چار روزہ مشن سندھ؛ کراچی آمد
، جی ایم سید کی سالگرہ، آل پارٹیز کانفرنس اور ہائی کورٹ بار سے خطاب سمیت اہم سیاسی سرگرمیوں کا شیڈول جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سربراہ اپوزیشن اتحاد اور قومی اسمبلی کے نو منتخب اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد کراچی روانہ ہو گیا ہے جہاں وہ 8 فروری کے احتجاجی پروگرام کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلانے سمیت مختلف سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینگے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق قیادت جمعہ 16 جنوری کو شام 3 بجے کراچی پہنچی جس کے بعد شام 6 سے 8 بجے کے درمیان سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر تعزیت اور پی پی پی رہنما سید خورشید شاہ کی عیادت کی گئی جبکہ رات 9 بجے سابق گورنر سندھ و معاشی ترجمان تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان محمد زبیر کی جانب سے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
ہفتہ 17 جنوری کو وفد صبح 9 بجے کراچی سے سان سٹی روانہ ہوگا جہاں سائیں جی ایم سید کی 122 ویں یومِ پیدائش کی تقریب اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے زیرِ اہتمام دوپہر 1 بجے ہونے والے عوامی جلسے میں شرکت کی جائے گی جس کے بعد شام 5 بجے سان سٹی سے حیدرآباد روانگی، شام 6:30 بجے انصاف ہاؤس میں آمد، سندھی قوم پرست قیادت سے ملاقات اور رسمی عشائیے کے بعد رات 9 بجے کراچی واپسی ہوگی۔
اتوار 18 جنوری کو صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک کراچی پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی جبکہ رات 8 بجے برٹو روڈ نمائش چورنگی کے قریب ایم ڈبلیو ایم کے زیرِ اہتمام عوامی اجتماع اور عشائیہ ہوگا اور اس چار روزہ دورے کے آخری روز پیر 19 جنوری کو صبح 11 بجے محمود خان اچکزئی اور دیگر قائدین سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی سے خطاب کرینگے تاکہ ملک میں آئین کی بحالی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد کو تقویت پہنچائی جا سکے۔
