وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا تربت میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کا اہم دورہ، زیر تعمیر ہسپتال کا معائنہ اور فورس کی کارکردگی کو خراج تحسین

تربت(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں آئی جی فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) نے ان کا خیر مقدم کیا اور فورس کی پیشہ وارانہ مہارت، فیلڈ آپریشنز، اینٹی ڈرونز گنز اور جدید سرویلنس و مانیٹرنگ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا جبکہ فتنہ الہندوستان سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر ایف سی بلوچستان (نارتھ) کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے زیر تعمیر ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور او پی ڈی سمیت دیگر وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال کی عمارت کی مختصر مدت میں تکمیل پر آئی جی ایف سی (ساؤتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ہسپتال کو جلد فعال کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ مقامی لوگوں کو جدید علاج کی بہترین سہولتیں میسر آ سکیں۔
جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے میڈیکل آلات اور ضروری مشینری کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال کی سافٹ اوپننگ 23 مارچ کو ہوگی جبکہ اپریل میں اسے باقاعدہ طور پر آپریشنل کر دیا جائے گا، اس موقع پر بلوچستان کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ظہور بلیدی بھی موجود تھے۔
