8 فروری کو قوم باہر نکلے، یہ ووٹ، جمہوریت اور آزادی کی جنگ ہے، سلمان اکرم راجہ


لاہو (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نےکہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا ایک انتہائی اہم اجلاس ہوا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
پنجاب اسمبلی کے باہر سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ان لوگوں کو یاد دلائیں گے جنہوں نے ہمارے مینڈیٹ پرڈاکہ ڈالا، اگراس ملک میں جمہوریت کو قائم رکھنا ہے تو قوم کو 8 فروری کو باہر نکلنا ہوگا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ منصوبہ ساز یہ کہتے ہیں کہ جو 2024 میں ہوا وہی 2029 میں ہوگا، مگر ہم ایسا کوئی نتیجہ قبول نہیں کریں گے ہم عوام کے ووٹ کے ذریعے اقتدار میں آئیں گے۔
آج سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 8 فروری اور اس کے بعد اپنے ووٹرزاورسپورٹرزکومتحرک کریں گے یہ جنگ بانی پی ٹی آئی، عدلیہ کی آزادی اور عوام کے حق کی جنگ ہے، جس میں ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے معیشت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تین سال سے بہتری کا جھوٹ بولا جا رہا ہے، صنعتیں بند، لوگ بے روزگار اور سرمایہ کار ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
پاکستان میں قانون اور ووٹ کی کوئی عزت نہیں رہی۔ ہر گلی کوچے میں آواز بلند ہوگی اور ہر کارکن اپنے ووٹ کے لیے لڑے گا۔
اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی پر مبینہ حملے اور 8 کروڑ 40 لاکھ روپے کے ہرجانے کے مقدمے کا ذکر کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ آواز دبانے کی کوشش ہے، سیاست کا جواب سیاست سے دینا چاہیے اور جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری تک اور اس کے بعد قوم کو متحرک دیکھیں گے، انقلاب قوم خود برپا کرے گی اور لاہور اس فسطائیت کا بھرپور جواب دے گا۔

WhatsApp
Get Alert