کراچی: صدر کی موبائل مارکیٹ میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ حکام

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے صدر میں قائم موبائل مارکیٹ میں آگ لگ گئی، ریسکیو حکام نے عمارت سے تمام افراد کو باہر نکال لیا ہے۔
اس سلسلے میں فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فائربریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی کی۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کےلیے اسنارکل طلب کرلی گئی۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ آگ نے متعدد گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا، آگ عمارت کے ساتویں فلور پر لگی، عمارت کے ساتویں فلور پر گاڑیوں کی پارکنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم عمارت میں داخل ہوگئے ہیں، عمارت میں موجود تمام افراد کو باہر نکال لیا گیا ہے۔
کوشش کی جا رہی ہے آگ پر جلد ازجلد قابو پالیا جائے: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب
کراچی موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایات کیں کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ریسکیو حکام کو ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کوشش کی جا رہی ہے آگ پر جلد ازجلد قابو پالیا جائے۔ آگ بجھانے کےلیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
قبل ازیں ایسوسی ایشن عہدے دار عمر عارف کا کہنا تھا کہ عمارت میں کچھ لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ آگ عمارت کے ساتویں فلور کی پارکنگ میں ایک گاڑی میں لگی تھی جس نے دوسری گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
ایسوسی ایشن عہدیدار کا کہنا تھا کہ 15 منزلہ عمارت سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے رپورٹ طلب کرلی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے صدر کی موبائل مارکیٹ میں لگی آگ سے متعلق کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفط حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آتشزدگی کے اسباب اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
