صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے وزیراعلیٰ سے اختلافات اور محکمے میں مداخلت پر استعفیٰ دیدیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر زراعت اور صدر مملکت کے فوکل پرسن میر علی حسن زہری نے صوبائی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کو ارسال کیا۔
استعفیٰ میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ وہ محکمہ زراعت کو اس لیے بہتر طریقے سے وقت اور توجہ نہیں دے پارہے تھے، اس لیے استعفیٰ دیا۔ انہوں نے این این آئی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وزیراعلیٰ سے اختلافات اور حلقے و محکمے میں بے جا مداخلت کی وجہ سے انہوں نے احتجاجاً استعفیٰ دیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے صدر مملکت کو اس حوالے سے آگاہ کیا تو انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کو استعفیٰ سے مطلع کر دیا گیا ہے، تاہم صدر مملکت کے وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست نہیں کی گئی۔
