سراج الحق کا جعفرآباد میں خطاب، حکمرانوں پر کرپشن، مہنگائی اور ناانصافی کے الزامات

جعفرآباد (قدرت روزنامہ): سابق امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو کرپشن، بدامنی، مہنگائی اور ناانصافی کی علامت بنا دیا ہے، اور آج دنیا پاکستان کو ایک خوبصورت اسلامی ریاست کے بجائے بدعنوانی اور عدم استحکام کے تناظر میں جانتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرآباد میں رکن بلوچستان اسمبلی و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی کے فرزندان اور دیگر دلہاؤں کی اجتماعی نکاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے 13 جوڑوں کا نکاح پڑھایا۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے بھی خطاب کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے، مگر نااہل اور ظالم حکمرانوں نے اسے لہولہان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی، بدامنی اور لاقانونیت کا خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، لیکن یہ محض بیانات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے مخلص، دیانتدار اور عوام دوست قیادت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مظلوم تو موجود ہیں مگر مظلوم کو انصاف فراہم کرنے کا کوئی مؤثر نظام نہیں۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے ہاتھوں شدید پریشان ہیں، جبکہ حکمران طبقہ پروٹوکول اور مراعات میں مصروف ہے۔ سراج الحق کے مطابق بلوچستان کے نوجوان روزگار سے محروم، مریض علاج سے اور بچے تعلیم کے حق سے محروم کر دیے گئے ہیں، جبکہ کوئٹہ کے شہری علاج اور تعلیم کے لیے کراچی اور دیگر شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
سابق امیر جماعتِ اسلامی نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ بندوق کے بجائے قلم اور کتاب کو اپنائیں، کیونکہ علم ہی مسائل کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور خاندانی سیاست سے پاک جماعت ہے اور غریب، کسان اور مزدور کی حقیقی نمائندہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعتِ اسلامی کے پاس قرآن پر مبنی عدل، انصاف اور مساوات کا متبادل نظام موجود ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔
انہوں نے عبدالمجید بادینی کی سادگی اور عوامی طرزِ زندگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اصل عوامی نمائندہ وہی ہوتا ہے جو اقتدار کے باوجود عوام کے درمیان بیٹھے۔ سراج الحق نے کہا کہ اگر عوام کے گھروں میں اندھیرا ہو تو حکمرانوں کے گھروں میں بھی اندھیرا ہونا چاہیے، یہی اصل انقلابی اور اصلاحی نظام ہے۔
تقریب کے اختتام پر سراج الحق نے عبدالمجید بادینی کو ان کے فرزندان کی نکاح و ولیمہ کی تقریب پر مبارکباد دی، جعفرآباد کے عوام سے رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد، اسلام زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
