ہرنائی ریلوے سروس کی بندش عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، فوری بحالی کا مطالبہ: عوامی نیشنل پارٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ولی داد میانی نے کہا ہے کہ ہرنائی میں ریلوے سروس کی بندش ضلع کے عوام کے لیے انتہائی نقصان دہ اقدام ہے اور یہ علاقے کو مزید پسماندگی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے اربوں روپے خرچ کرکے ریلوے ٹریک، اسٹیشنوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر منصوبوں پر سرمایہ کاری کی گئی۔ این ایل سی کے ذریعے بھی ترقیاتی کاموں پر خطیر رقم خرچ کی گئی، مگر اب حکومت کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ ہرنائی سیکشن خسارے میں ہے اور کوئلہ کی ترسیل بند کی جا رہی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔
ولی داد میانی نے کہا کہ ضلع ہرنائی سے روزانہ تقریباً دو سو ٹرک کوئلہ لوڈ ہوتا ہے، جس سے واضح ہے کہ وسائل اور آمدن موجود ہیں۔ اگر ریلوے حکام کے اندر بدعنوانی ہو، ریلوے کا تیل بازاروں میں فروخت ہو رہا ہو اور مالی بے ضابطگیاں جاری ہوں تو اس کا بوجھ عوام پر ڈالنا سراسر ناانصافی ہے۔ شفافیت قائم کرنے کے بجائے روٹ بند کرنا ہرنائی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دس دن کے لیے نمائشی طور پر ٹرین چلانا اور پھر بند کرنا صرف کرپشن کو جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ پہلے ہی ہرنائی۔کوئٹہ روڈ اور ہرنائی۔سنجاوی روڈ کی تعمیر اور بندش کے مسائل نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ ریلوے کی بندش نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔
صوبائی ترجمان نے کہا کہ ہرنائی سے ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوتے ہیں، لیکن ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح پر خاطر خواہ رقم خرچ نہیں کی جاتی۔ بدقسمتی سے کرپشن کا بازار گرم ہے اور مختلف محکموں میں کمیشن اور بدعنوانی کی شرح تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہرنائی تا سبی ریلوے سیکشن کو فوری طور پر بحال کیا جائے، کرپشن کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ضلع ہرنائی کے عوام کو ان کا جائز حق دیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert