رمضان المبارک کے مہینہ میں سحر،افطار اور تراویح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی:کیسکو

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے رمضان المبارک کے مہینہ میں بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کرلئے ہیں۔چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئریوسف شاہ خان کی ہدایت پر کیسکوکے جنرل منیجرزاور چیف انجینئرکی زیرنگرانی کیسکوہیڈکوارٹرمیں پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (پی ڈی سی)میں ریجنل کنٹرول روم قائم کردیاگیاہے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں سحر،افطار اور تراویح کے اوقات کار میں بجلی کی مسلسل اور صورتحال کو مانیٹرکیاجاسکے۔
رمضان المبارک کے مہینے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرمیں سحر، افطاراورتراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ کوئٹہ شہر سے باہربھی تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کو بھی سحر، افطاراور تراویح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔ تاہم صوبہ میں موجود تمام رورل فیڈروں کواُنکے پرانے شیڈول کے مطابق مختلف اوقات کارمیں بجلی فراہم کی جائے گی۔علاوہ ازیں تمام آپریشن سرکلزمیں سپرنٹنڈنگ انجینئرزکی زیرنگرانی ڈویژن اورسب ڈویژن کی سطح پر صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ بجلی کی تکنیکی خرابی،ٹرانسفارمرزکی بروقت تبدیلی کے علاوہ صارفین کے انفرادی شکایات کابھی جلد ازجلد ازالے کوکم سے کم وقت میں یقینی بناناہے۔
صارفین بجلی بندش یا انفرادی شکایت کیلئے براہ راست118پر کال یا اپنے موبائل سے 8118پر بجلی بل کاحوالہ نمبر لکھ کر بذریعہ میسج (SMS) بھی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔علاوہ ازیں کیسکوکے مرکزی کمپلینٹ سیل (ٹیلی فون نمبر0819201445)یا اپنے متعلقہ سب ڈویژنز کے نمبرزپرشکایات درج کرواسکتے ہیں۔صارفین کی مزید آسانی کیلئے شکایات کے اندراج اور فوری ازالہ کیلئے بذریعہ واٹس ایپ موبائل نمبر03198088439پر بھی بجلی بل کی کاپی منسلک کرکے اپناایکٹوموبائل نمبر لکھ کر بھی شکایات درج کرواسکتے ہیں تاکہ صارف کی متعلقہ جگہ کی درست نشاندہی ہوسکے اور کیسکوعملہ متعلقہ جگہ پر فوراً پہنچ کر بجلی بحالی کیلئے اقدامات کرسکیں۔
