آٹے کا سنگین بحران اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، مصنوعی قلت پیدا کر کے عوام کو اذیت دی جا رہی ہے، پشتونخوا نیپ کا حکومت سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں صوبے بھر خصوصاً کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں آٹے کے سنگین بحران اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کر کے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ ناقص حکومتی منصوبہ بندی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مؤثر نگرانی کے فقدان نے صورتحال کو مزید خراب بنا دیا ہے۔
عام شہری، دیہاڑی دار مزدور، سرکاری و نجی ملازمین اور کم آمدنی والے طبقات آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شدید مالی دباؤ اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں آٹے کی فراہمی غیر یقینی ہو چکی ہے، جس کے باعث عوام کو طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ کئی مقامات پر سرکاری نرخ نامے موجود ہونے کے باوجود آٹا مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، جو انتظامیہ کی کمزور گرفت اور حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ حکومت کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بنیادی اشیائے خورد و نوش کی مناسب، سستی اور بروقت فراہمی یقینی بنائے، لیکن موجودہ حالات اس کے بالکل برعکس تصویر پیش کر رہے ہیں۔
صوبائی سیکریٹریٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی بلا تعطل اور وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے۔ سرکاری سبسڈی کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے مستحق عوام تک پہنچایا جائے۔ تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنا کر مؤثر نگرانی اور چیکنگ کا نظام قائم کیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اس سنگین مسئلے پر سنجیدہ اور عملی اقدامات نہ کیے تو عوامی اضطراب اور بے چینی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ آخر میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ پارٹی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی اور آٹے کے بحران کے مکمل خاتمے تک اس مسئلے کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھاتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert