پنجاب حکومت کی سیکورٹی میں بہتری کے لیے اہم فیصلے، تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ نصب کرنا لازمی قرار

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے صوبے میں سیکورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔
اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام گاڑیوں بشمول موٹرسائیکلوں پر ای ٹیگ نصب کرنا لازمی ہوگا۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مرىم نواز کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں مجموعی قانون و انصاف کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق ای ٹیگ کے ذریعے گاڑیوں کی نقل و حرکت کو آسانی سے مانیٹر کیا جا سکے گا، جس سے چوری شدہ یا مشتبہ گاڑیوں کی فوری شناخت ممکن ہوگی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کی منظوری دے دی ہے اور متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت دی ہے۔
اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ یہ بھی کیا گیا کہ صوبے میں پنجاب سائبر کرائم انویسٹی گیشن یونٹ قائم کی جائے گی۔ اس یونٹ کا مقصد آن لائن جرائم کی روک تھام اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کے خلاف سائبر کرائم کے کیسز کے لیے خصوصی سیل بنایا جائے گا۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ آن لائن کرائم سینٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
سیکورٹی میں بہتری کے لیے صوبائی داخلہ راستوں پر نگرانی سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ غیر روایتی راستوں سے آمد و رفت روکنے کے اقدامات کیے جائیں گے، چیک پوسٹس پر سرچ لائٹس نصب کی جائیں گی، اور ڈرون کے ذریعے نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ چھتوں پر سیکیورٹی مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے جدید ڈرون دفاعی نظام کی فوری خریداری کا بھی حکم دیا ہے اور ڈرون کے غیر قانونی استعمال پر سخت پابندی عائد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
