جمعیت علمائے اسلام کی پارٹی پالیسی سے دلبرداشتہ ہو کر اسمبلی ر کن نور عالم خان عہدے سے مستعفی ہو گئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ اختلافات کے باعث چیف وہپ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنا تحریری استعفیٰ سردار ایاز صادق کو ارسال کر دیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نور عالم خان اور پارٹی قیادت کے درمیان بعض سیاسی و تنظیمی امور پر اختلافات گزشتہ کچھ عرصے سے جاری تھے، جو حالیہ دنوں میں شدت اختیار کر گئے۔ اختلافات کے نتیجے میں انہوں نے چیف وہپ کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق استعفیٰ میں نور عالم خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ بعض پالیسی معاملات پر پارٹی لائن سے اختلاف رکھتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں عہدے پر برقرار رہنا مناسب نہیں سمجھتے۔
تاہم انہوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت کی جانب سے تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم پارٹی کے اندر مشاورت کا عمل جاری ہے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے ملکی سیاست پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر پارلیمانی حکمت عملی اور ایوان کی کارروائی پر۔
واضح رہے کہ چیف وہپ کا عہدہ پارلیمانی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور پارٹی اراکین کی حاضری و ووٹنگ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ نور عالم خان کے استعفے کے بعد اس عہدے پر نئے تقرر کے لیے مشاورت شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
