تیل ، گیس ، بجلی اور اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے ملکی عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں نااہل ناکام مسلط سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ملک کی معاشی دیوالیہ پن اور روزانہ کے حساب سے ملک کے 25کرورڑ عوام پر سخت ترین گرانی ، بدترین بیروزگاری اور ملک کی بربادی کے قوانین مسلط کرنے پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھلی طور پر مسترد کیاگیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ350ارب عوام سے ناروا ٹیکسوں کی مد میں وصولی پہلے سے فاقہ زدہ عوام کی حالت بدتر کرنے کے ناروا اقدام پر حکومتی بے بنیاد دلائل اور طفل تسلیاں جاری ہیں ۔ ملکی وقار دائو پر لگ گیا ہے اور عالمی طور پر ملک تنہائی کا شکار ہوچکا ہے اور اندورنی طور پر معاشرتی انتشار اور سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زرعی صنعتی پیداوار گھٹ کر نصف پر آچکا ہے اندرونی ملکی سرمایہ دار پر خوف طاری ہے اور بیرونی سرمایہ دار عدم تحفظ کی وجہ سے ملک کی طرف رجوع کرنے سے کتراتے ہیں ۔ ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے اور ملکی کرنسی کی حیثیت گھٹ رہی ہے جو ایک کھلی بربادی کی نشاندہی کے سوا کچھ نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تیل ، گیس ، بجلی اور اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے ملکی عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔ عوام میں مہنگائی اور بیروزگار ی کی وجہ سے خودکشیاں جاری ہیں اور صورتحال قابو سے باہر ہوتی جارہی ہے ۔ جبکہ مسلط حکومتی ٹیم پارلیمانی ، ملکی اور معاشرتی اعلیٰ اقدار کی پائمالی اور گالم گلوچ میں مصروف ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بربادی کی اس سنگین صورتحال کے مد نظر مسلط نااہل اور ناکام ٹولے کو اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے گھر جانا چاہیے اور اقتدار جو کہ عوام کی امانت ہے اسے ملک کے عوام کے حوالے کرنا چاہیے۔تاکہ ملک کی سیاسی جمہوری عوام دوست پارٹیاں اور ان کی عوامی لیڈر شپ ملک اور عوام کو بربادی کی اس صورتحال سے نجات دلانے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کی ذمہ داری پورا کرسکیں۔
