تعلیمی اداروں میں موسم بہار اور عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی چار روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے 24 مارچ سے 27 مارچ تک بند رہیں گے، وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے 30 مارچ کو کھلیں گے۔
وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کو عید الفطر کی تعطیلات کے ساتھ ملا دیا گیا ہے جب کہ تعلیمی اداروں میں ہر سال موسم بہار کے حوالے سے چھٹیاں دی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے چاند کے حوالے سے پیشن گوئی جاری کی ہے جس کے مطابق عیدالفطر 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 19 مارچ کی صبح 6 بجکر 23 منٹ پر ہوگی تاہم اس دن چاند کی عمر صرف 12 سے 13 گھنٹے ہوگی جسے نظر آنے کے لیے ناکافی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند دیکھنے کے لیے چاند کی عمر کم از کم 18 سے 20 گھنٹے ہونی چاہیے، اسی لیے 19 مارچ کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کا چاند 20 مارچ کی شام نظر آنے کا امکان ہے جس کے باعث عید الفطر 21 مارچ کو ہونے کا امکان ہے تاہم عیدالفطر کا حتمی طور پراعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کریگی۔

WhatsApp
Get Alert