قومی ایئر لائن کی بڑی پیشرفت: 6 سال بعد پی آئی اے کی لندن کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز

29 مارچ سے شیڈول جاری؛ ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 7 تک پہنچ جائے گی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے 6 سال کے طویل وقفے کے بعد لندن کیلئے براہ راست پروازوں کے دوبارہ آغاز کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے 29 مارچ سے اسلام آباد سے لندن اور 30 مارچ سے لاہور سے لندن کیلئے اپنی پروازوں کا آپریشن شروع کرے گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن ابتدائی طور پر لندن کیلئے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کرے گی۔ طے شدہ شیڈول کے تحت اسلام آباد سے ہفتہ وار 3 پروازیں جبکہ لاہور سے 1 پرواز لندن کیلئے اڑان بھرے گی۔ اس نئے آپریشن کے بعد برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی مجموعی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہو جائے گی، جس سے مسافروں کو سفر کی بہترین اور براہ راست سہولیات میسر آئیں گی۔
واضح رہے کہ لندن کا روٹ پی آئی اے کے نیٹ ورک کے قدیم ترین اور کلیدی بین الاقوامی روٹس میں شامل ہے، جس کے ساتھ قومی ایئر لائن کا 70 سال سے زائد کا تاریخی رشتہ وابستہ ہے۔ 6 سالہ تعطل کے بعد ان پروازوں کی بحالی نہ صرف پی آئی اے کی ساکھ میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ اس سے قومی خزانے کو بھی خاطر خواہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے اپنے مسافروں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

WhatsApp
Get Alert