خطے کی کشیدہ صورتحال اور قومی سلامتی، وزیراعظم اور بلاول بھٹو کے درمیان اہم بیٹھک، بڑی حکمت عملی طے

ایران امریکہ کشیدگی میں پاکستان کا کلیدی سفارتی کردار، وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لے لیا، وزرائے اعلیٰ سندھ و بلوچستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پر بریفنگ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک کی سیاسی قیادت نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور قومی سلامتی کے چیلنجز پر سر جوڑ لیے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ایک انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں علاقائی استحکام اور ملکی سلامتی کے حوالے سے دور رس فیصلے کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس اہم مشاورتی ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی، خصوصاً ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے تناظر میں پاکستان کے ممکنہ سفارتی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو حکومت کی جانب سے اب تک اٹھائے گئے اقدامات اور عالمی سطح پر جاری سفارتی کوششوں کے حوالے سے مکمل اعتماد میں لیا۔
ملاقات میں وفاقی وزراء کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک تھے۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے وزیراعظم کو اپنے اپنے صوبوں میں امن و امان کی صورتحال اور حالیہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وضع کردہ ‘اسمارٹ لاک ڈاؤن’ کی حکمت عملی پر جامع بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
ملاقات کے دوران جہاں خطے کی صورتحال زیرِ بحث آئی، وہیں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی سنجیدہ گفتگو ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی و علاقائی حالات میں ملک کے اندر سیاسی استحکام اور تمام اکائیوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert