پشتونخوا وطن کے وسائل پر استحصالی قوتوں کا قبضہ اب مزید نہیں چلے گا،پارٹی میں شمولیتیں ہماری اصولی سیاست پر عوامی اعتماد کی علامت ہے،خوشحال خان کاکڑ

قلعہ سیف اللہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی واضح، جمہوری اور اصولی سیاست، محکوم اقوام و عوام کے بنیادی حقوق کے لیے مستقل اور بروقت رہنمائی، اور عوامی مسائل پر دوٹوک مؤقف کے باعث آج عوام کی بڑی تعداد جوق در جوق پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوامی اعتماد دراصل پارٹی کی طویل سیاسی جدوجہد، قربانیوں اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے اختیار کیے گئے ثابت قدم مؤقف کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے پشتونخوا وطن کو بے شمار قدرتی وسائل، نایاب اور قیمتی معدنیات، زرخیز زمینوں اور جغرافیائی اہمیت سے نوازا ہے، جو اگر درست منصوبہ بندی اور پشتون غیور ملت و عوام کی شمولیت سے استعمال کیے جائیں تو یہ خطہ نہ صرف معاشی طور پر خودکفیل ہو سکتا ہے بلکہ پورے ملک کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ ان وسائل پر استعماری و استحصالی قوتوں نے قبضہ جما رکھا ہے، جس کے باعث یہاں کے عوام پسماندگی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کا شکار ہیں۔ خوشحال خان کاکڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے غیور پشتون افغان ملت کے قومی، جمہوری اور معاشی حقوق کے حصول کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی، اور اس کے ساتھ ساتھ ملک کی دیگر محکوم اقوام کی قومی و ملی نجات، برابری اور وسائل پر حقِ ملکیت کے لیے مشترکہ سیاسی جدوجہد کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سیاست نفرت یا تقسیم کی نہیں بلکہ انصاف، برابری، جمہوریت اور عوامی خودمختاری کی سیاست ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قلعہ سیف اللہ کے علاقے کژہ میرزئی میں منعقدہ ایک بڑے شمولیتی اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں عبدالعلی میرزئی، ملا ظریف میرزئی، عبدالغنی میرزئی، حاجی جانان میرزئی، حاجی عصمت اللہ میرزئی اور حاجی فیضو میرزئی کی قیادت میں 145 افراد نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر علاقے کے معززین، نوجوانوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجتماع سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان، میرزی کمیٹی چیرمین ملک حسن خان میرزی اور ملا ظریف نے خطاب کیا، جبکہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض پشتونخوا ایس او کے عبید اللہ نے سرانجام دیے۔
تلاوت کلام کی سعادت ملا ظریف نے حاصل کی اور ملی ترانہ سیف اللہ پیش کیا اور نئے شامل ہونے والے کارکنان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی چیرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی کی تنظیمی قوت میں اضافہ ہوگا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری سیاسی جدوجہد کو نئی توانائی، وسعت اور تسلسل ملے گا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعی شعور، منظم سیاسی جدوجہد، تعلیم و آگاہی اور تنظیمی اتحاد ہی وہ بنیادی عناصر ہیں جن کے ذریعے محکوم اقوام اپنے آئینی و جمہوری حقوق حاصل کر سکتی ہیں۔ اجتماع کے اختتام پر پارٹی کی مضبوطی، قومی یکجہتی اور خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
