پشین: رشتے کے تنازع پر گھر میں فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی، کوئٹہ چمن روڈ بند، وزارت داخلہ کا نوٹس
ایس پی پشین کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور 24 گھنٹے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے: بابر یوسفزئی

پشین (قدرت روزنامہ)پشین کے علاقے یارو میں رشتہ کے تنازع پر فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملزم پرویز ولد جلیل مجک نے مبینہ طور پر گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ماسٹر محمد نسیم، ان کے بھتیجے شہریار خان اور ایک خاتون بی بی (س) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد کویٹہ چمن روڈ یارو کے مقام پر ہر قسم ٹرافیک کے لیے بند کر دی گئی۔ دوسری جانب پشین یارو میں گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے پر وزارت داخلہ بلوچستان کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔ بابر یوسفزئی معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان نے ایس پی پشین کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور چوبیس گھنٹے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، متاثرہ خاندان کے غم میں شریک ھیں، صوبے میں امن و امان ہر قیمت پر برقرار رکھا جائیں گا۔
