‘کیا کٹ کسی گلی والے سے منگوائی تھی؟’، پی ایس ایل کے پہلے میچ میں بال کا رنگ تبدیل ہونے پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا


لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔
میچ کے دوران ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب گیند کا رنگ بدل گیا، جس کے باعث اسے تبدیل کرنا پڑا۔ اس واقعے پر شائقین کرکٹ اور تجزیہ کاروں نے بھی تبصرے کیے اور اس کا مذاق اڑاتے نظر آئے کہ یہ کٹس آخر کس نے بنائی ہیں؟


کرکٹر کامران اکمل نے طنزاً کہا کہ ہر شہر میں ایک دوپٹہ گلی ہوتی ہے جہاں دوپٹے رنگے جاتے ہیں، تو یہ کٹ بھی وہاں سے رنگوائی گئی ہو گی۔


حیدرآباد کنگزمین کے آفیشل ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ سے لاہور قلندرز کو فتح پر مبارکباد دی گئی اور لکھا گیا ’مخالف کو اپنا پہلا پنک بال میچ جیتنے پر مبارکباد‘۔


طلحہ نواز لکھتے ہیں کہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ٹی20 میچ میں پنک بال پیش کرنے کے لیے شکریہ حیدرآباد۔


ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ گیند کا پنک ہو جانا آپ کی میروون کٹ کی وجہ سے تھا، براہِ کرم اپنے کٹس پر تھوڑا پیسہ خرچ کریں۔


میچ کے بعد پریس کانفرنس میں حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے بتایا کہ انہوں نے دوسرے ہی اوور میں امپائرز کو اس مسئلے سے آگاہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار گیند پر پیڈز یا بیٹ کا رنگ لگ جاتا ہے لیکن انہوں نے اس سے پہلے ایسا منظر کم ہی دیکھا ہے۔

WhatsApp
Get Alert