سفر کرنا مشکل، ایئرلائن ٹکٹس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں ایئرلائنز نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور اور اسلام آباد کے یک طرفہ کرایوں میں تقریباً 10ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے ٹکٹ کی قیمت50 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
بین الاقوامی پروازوں کے کرایے بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے روٹس پر یک طرفہ کرایوں میں تقریباً 20 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے، جبکہ دبئی، دوحہ اور سعودی عرب کے لیے اکانومی کلاس کے ٹکٹ چار لاکھ روپے سے بھی زیادہ ہو گئے ہیں۔
مزید برآں پیرس، ٹورنٹو اور مانچسٹر جانے والی پروازوں کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایندھن کی قیمتوں میں کمی نہ آئی تو آنے والے دنوں میں فضائی سفر مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے عام مسافروں کے لیے سفر کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔
