نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں سفارتی اجلاس جاری، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں قیامِ امن کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک انتہائی اہم چار ملکی سفارتی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات کی میزبانی پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔ اجلاس میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک ہیں، جہاں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور تنازعات کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آج ایک خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پہنچے، جہاں پاکستانی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دوسری جانب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ اس اہم مشاورتی عمل کا حصہ بننے کے لیے گزشتہ روز ہی اسلام آباد پہنچ چکے تھے۔ دفاعی اور سفارتی تجزیہ کاروں کی جانب سے اس مشترکہ اجلاس کو مسلم اُمہ کے اتحاد اور خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانے کی جانب ایک انتہائی اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
