افغانستان میں آسمانی آفت کا قہر: 77 افراد ہلاک اور زخمی ، سیکڑوں گھر تباہ، قیامت صغریٰ برپا

افغانستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، 28 افراد جاں بحق اور 49 زخمی، سینکڑوں مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، قومی ادارہ برائے انسدادِ آفات نے رپورٹ جاری کر دی


کابل (ڈیلی قدرت نیوز) افغانستان کے قومی ادارہ برائے انسدادِ آفات نے ملک بھر میں جاری حالیہ موسمیاتی آفات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس کے مطابق گزشتہ 5 دنوں کے دوران مختلف واقعات میں 77 افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ادارے کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ حافظ محمد یوسف حماد نے بتایا کہ 6 فروری سے اب تک ہونے والی شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 28 افراد جاں بحق جبکہ 49 زخمی ہوئے ہیں۔ ان قدرتی آفات کے باعث اب تک 1130 خاندان بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 130 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 438 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں کی زد میں آکر 244 مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 24 کنویں، 30 آبی نیٹ ورکس اور درجنوں ایکڑ زرعی زمین تباہ ہونے سے متاثرہ علاقوں میں انسانی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت خوراکی، غیر خوراکی اشیاء اور نقد امداد فراہم کر دی گئی ہے اور ادارہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ افغان حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے دریاؤں اور سیلابی راستوں سے دور رہیں۔

WhatsApp
Get Alert