عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت درخواست دینے جا رہے ہیں، علیمہ خان

ان دو ن لیگی وزراء کو شرم آنی چاہئے جنہوں نے قاسم خان کے خلاف جھوٹے الزام لگائے، قاسم خان سے متعلق جھوٹ بولنے پر دونوں اِسی ایکٹ کے تحت جیل جائیں گے؛ سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کی میڈیا سے گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عطاء تارڑ اور عظمیٰ بخاری کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درخواست دینے کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دو ن لیگی وزراء عطا تارڑ اور عظمی بخاری کو شرم آنی چاہئے جنہوں نے قاسم خان کے خلاف جھوٹے الزام لگائے، قاسم خان سے متعلق جھوٹ بولنے پر عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری کےخلاف پیکا ایکٹ کے تحت درخواست دینے جا رہے ہیں، دونوں اِسی ایکٹ کے تحت جیل جائیں گے، ہم نے سلمان اکرم راجہ کو کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے پیکا ایکٹ کے تحت عطا تارڑ اور عظمی بخاری کے خلاف پٹیشن دائر کریں تاکہ جو انہوں نے جھوٹا الزام لگایا ہے اس پر ان کے خلاف کارروائی ہو۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ججز کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، ججز اوپر سے آئے احکامات پر عمل کریں گے، اس عدالت کے جو کرتوت ہیں عمران خان کئی سالوں تک رہا نہیں ہوسکتے، اس لیے ہم پورے پاکستان کو اور پی ٹی آئی کو کہہ رہے کہ سڑکوں پر نکلیں، احتجاج کے ذریعے ان پر دباؤ ڈالیں، اتنا پریشر ڈالیں کہ عدالتیں عمران خان، بشریٰ بی بی اور دیگر اسیران کے کیسز سنیں اور ان کو انصاف ملے۔
سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ نے کہا کہ ہماری بڑی فکر عمران خان کی آنکھ کی بیماری ہے جس کے لیے ہم درخواست کررہے کہ ان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال داخل کرواکر مکمل چیک اپ کرایا جائے کہ آنکھ کا یہ مسئلہ ہونے کی اصل وجوہات کیا ہیں؟ ہمارے فیملی ڈاکٹر جاننا چاہتے ہیں کہ یہ کلاٹ آیا کیوں؟ دوسری آنکھ کی بھی ہمیں فکر ہے، یہ جو بتا رہے ہیں کہ عمران خان کی آنکھ ٹھیک ہو گئی ہے اس پر ہم کیسے یقین کریں؟ انہوں نے جو مضحکہ خیز رپورٹ جاری کی وہ کسی ڈاکٹر کو دکھا دیں وہ اس کو رپورٹ نہیں مانے گا لیکن ہمارے ججز نے تسلیم کرلیا یہ افسوسناک ہے۔

WhatsApp
Get Alert