ہرنائی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارشوں کی تباہی، کچے مکانات منہدم، ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع
سبی روڈ پر مسافر پک اپ سیلابی ریلے میں بہہ گئی، تمام سواریاں چھلانگ لگا کر معجزانہ طور پر محفوظ: ضلعی انتظامیہ بابو محلہ میں گھر کی چھت گرنے سے مویشی ملبے تلے دب گئے، ہرنائی کوئٹہ اور پنجاب شاہراہیں بند ہونے سے شہری محصور ندی نالوں میں طغیانی سے رابطہ سڑکیں بہہ گئیں، شدید بارشوں کے باعث نظامِ زندگی درہم برہم، متاثرین کی دہائی

ہرنائی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) یکم اپریل 2026: ہرنائی اور گردونواح میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث علاقے میں کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق ہرنائی کے علاقے بابو محلہ میں صابر نامی شخص کے گھر کے ایک کمرے کی چھت گر گئی، خوش قسمتی سے کمرے کی چھت گرنے سے کوئی انسانی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، تاہم کمرے میں موجود بکریاں چھت کے ملبے تلے دب گئی ہیں۔
بارشوں اور ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے کی وجہ سے ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے، جبکہ ہرنائی-پنجاب اور ہرنائی-کوئٹہ شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہرنائی-سبی روڈ پر ایک حادثہ پیش آیا جہاں ایک ڈبل ڈور پک اپ گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے۔ یہ پک اپ گاڑی سبی سے ہرنائی جا رہی تھی کہ اچانک ریلے کی زد میں آگئی۔ گاڑی میں سوار تمام مسافروں نے بروقت پک اپ سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں، جس کے باعث تمام سواریاں محفوظ رہیں تاہم سیلانی ریلہ گاڑی کو بہا کر لے گیا ہے۔
