قومی مفاد سب سے مقدم: بلوچستان حکومت اور تاجر برادری میں کفایت شعاری اقدامات پر مکمل اتفاق
مارکیٹیں رات 8 بجے جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا اہم خطاب

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور انجمن تاجران سمیت مختلف تجارتی تنظیموں کے درمیان ہونے والے ایک اہم اجلاس میں صوبے بھر میں توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا ہے، جس کے تحت اب تمام مارکیٹس اور بازار رات 8 بجے جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے لازمی بند کر دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ملک اور خطے کی نازک صورتحال کے پیش نظر ان اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کے بعد ممکنہ توانائی کے شارٹ فال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات وقت کی ضرورت ہیں اور ہمیں بھی دنیا کے مہذب ممالک کی طرح اوقاتِ کار کو منظم کرنا ہوگا۔
انجمن تاجران کے نمائندوں نے حکومتی فیصلوں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ قومی مفاد کی خاطر ان اصولوں کو اپنانے کے لیے تیار ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے تاجر برادری کے اس ذمہ دارانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں باشعور ہونے کا عملی ثبوت دینا ہوگا تاکہ آنے والے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا جا سکے۔
