پٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافہ مسترد، مہنگائی کا طوفان دراصل حکمرانوں کی نااہلی کا نتیجہ ہے، بدامنی اور ناروا لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا ژوب میں احتجاج

ژوب (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اور عوام دشمن اضافے کے خلاف جاری ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں ژوب میں پریس کلب کے سامنے ایک بھرپور، منظم احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا۔ اس سے قبل پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے ایک بڑا، منظم اور پُرجوش احتجاجی جلوس نکالا گیا، جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتا ہوا پریس کلب کے سامنے ایک عوامی اجتماع میں تبدیل ہو گیا، جہاں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے غم و غصے کا بھرپور اظہار کیا۔ جلسہ عام سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حاجی نصیب اللہ ناصر، مولوی عبداللہ مندوخیل اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ضلعی سیکرٹری امیرالبشر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بے جا، غیر منصفانہ اور ظالمانہ اضافے کو یکسر مسترد کر دیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک بھر میں مسلط کردہ مہنگائی کا طوفان دراصل حکمرانوں کی نااہلی، غلط معاشی پالیسیوں اور عوام دشمن فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نہ صرف ناقابلِ قبول ہے بلکہ اس نے پہلے سے بدحال عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ایک مشکل ترین امر بن چکا ہے، جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے لاتعلق ہو کر عیاشیوں اور مراعات میں مصروف ہے۔ مقررین نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ عوام اب مزید ظلم، مہنگائی، ناانصافی اور استحصال برداشت کرنے کے لیے ہرگز تیار نہیں، اور اگر حکومت نے فوری طور پر اپنے ظالمانہ فیصلے واپس نہ لیے تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اس کی ناقص، غیر دانشمندانہ اور غیر مؤثر پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ مقررین نے واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی کی بلاجواز بندش کا فوری خاتمہ کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ اسی طرح شہر میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ مقررین نے منشیات فروشوں کے خلاف فوری، سخت اور بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے ریاستی اداروں کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس سلسلے میں مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو عوام خود سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے میدان میں آئیں گے۔ آخر میں مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد ہر صورت جاری رکھے گی اور ہر فورم پر عوام کی آواز بن کر سامنے آتی رہے گی۔
