بلوچستان اسمبلی، پشین کی 3 تحصیلوں پر مشتمل نئے ضلع کے قیام اور پسنی فش ہاربر کی بحالی کی قراردادیں منظور


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کیپٹن (ریٹائرڈ) عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں عوامی فلاح اور انتظامی امور سے متعلق اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ اجلاس میں ضلع پشین کی تقسیم، ماہی گیروں کی معاشی بحالی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے حوالے سے اراکین نے بھرپور آواز اٹھائی۔اجلاس کے دوران رکن اسمبلی سید ظفر علی آغا نے ضلع پشین کی تین تحصیلوں حرم زنی، کربلا اور سرانان کو ملا کر ایک نیا ضلع قائم کرنے کی قرارداد پیش کی۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ ان علاقوں کی مجموعی آبادی تقریبا چار لاکھ ہے اور تین میونسپل کمیٹیوں پر مشتمل یہ خطہ انتظامی سہولت کے لیے ایک الگ ضلع بننے کا مکمل استحقاق رکھتا ہے۔ ایوان نے عوامی مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اس قرارداد کی متفقہ منظوری دے دی۔رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے پسنی فش ہاربر کی غیر فعالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد پیش کی کہ یہ ہاربر کبھی مقامی معیشت کی شہ رگ تھا، مگر برسوں کی عدم توجہی نے ہزاروں ماہی گیروں کو بے روزگار کر دیا ہے۔ ایوان نے صوبائی حکومت کو سفارش کی کہ پسنی فش ہاربر کو فوری طور پر بحال اور فعال کیا جائے تاکہ مقامی سطح پر معاشی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو سکیں۔اسی طرح صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار پر مبنی ایک تہنیتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان نے عالمی بحران میں مصالحتی کردار ادا کیا ہے، اس پر وزیراعظم اور عسکری قیادت نوبل امن انعام کے مستحق ہیں۔ رکن اسمبلی خیر جان بلوچ، علی مدد جتک، اشوک کمار، شاہدہ رف، ہادیہ نواز اور عاصم کرد گیلانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی کے باعث آج عالمی قیادت پاکستان کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سفارتی کامیابی سے نہ صرف ملک کا وقار بلند ہوا ہے بلکہ خطے میں استحکام کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ تمام ایجنڈا مکمل ہونے اور قراردادوں کی منظوری کے بعد اسپیکر نے اجلاس پیر 13 اپریل سہ پہر تین بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔

WhatsApp
Get Alert