بھارت شکریہ ادا کرے پاکستان نے اسے بڑی تباہی سے بچا لیا، احسن اقبال

نارووال (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ اسلام آباد نے مشرق وسطیٰ میں عارضی جنگ بندی کروا کر اسے بھی بڑی تباہی سے بچا لیا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کی نگاہیں اس وقت پاکستان پر لگی ہوئی ہیں، جس جنگ کے شعلے خطے کو جھلسا رہے تھے اسے رکوانے کیلیے اسلام آباد کو عزت ملی۔
احسن اقبال نے کہا کہ عالمی معیشت کو لپیٹ میں لینے والی جنگ رکوانے کیلیے اللہ نے پاکستان کو چنا، امریکا اور ایران کے مندوبین امن مذاکرات کیلیے اسلام آباد میں موجود ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کامیاب کوششوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے بھارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک کی طرف نظر ڈالیں تو صرف دھواں اٹھتا نظر آئے گا، یہ ملک اس وقت حسد کی آگ میں کوئلے کی طرح جل کر راکھ ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نہیں جانتا کہ جنگ نہ رکتی تو وہاں بھی عوام بھوک و افلاس کا شکار ہوتے، پاکستان نے دنیا سمیت نئی دہلی کو بھی بڑی تباہی سے بچا لیا ہے، اس کو حسد کرنے کے بجائے پاکستان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
