سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور الاٹمنٹ کے جامع آڈٹ کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل، 15 دن میں رپورٹ طلب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان بھر میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور الاٹمنٹ کا جامع آڈٹ کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق اس آڈٹ کا بنیادی مقصد سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری سروسز، ٹرانسپورٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اس کے ارکان ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام انتظامی محکموں، منسلک اداروں، خودمختار باڈیز اور ماتحت دفاتر میں زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کا مکمل آڈٹ کرے اور اس بات کا تفصیلی جائزہ لے کہ گاڑیاں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق استعمال ہو رہی ہیں یا نہیں۔ کمیٹی ایسے کیسز کی نشاندہی بھی کرے گی جہاں گاڑیاں مقررہ استحقاق سے زائد ہوں یا بغیر مجاز منظوری کے استعمال کی جا رہی ہوں۔ مزید برآں، کمیٹی گاڑیوں کے غلط استعمال، غیر قانونی الاٹمنٹ اور غیر ضروری طور پر برقرار رکھنے جیسے معاملات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لے گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ کمیٹی سرکاری گاڑیوں کے شفاف استعمال، مؤثر مینجمنٹ اور بہتر نگرانی کے لیے اصلاحی اقدامات اور سفارشات بھی پیش کرے گی، اس کے علاوہ اضافی گاڑیوں کی واپسی یا تلفی کے حوالے سے بھی اپنی تجاویز دے گی۔ کمیٹی بلوچستان سول کار رولز 1988 کا بھی جائزہ لے گی اور ضرورت پڑنے پر ان میں ترامیم تجویز کرے گی تاکہ نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔
سرکاری اعلامیے میں تمام سرکاری محکموں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمیٹی کے ساتھ معاونت کے لیے 48 گھنٹوں کے اندر گریڈ 19 کا ایک فوکل پرسن نامزد کریں، جو کمیٹی کے ساتھ مستقل رابطہ رکھے اور مطلوبہ ریکارڈ، ڈیٹا اور تمام ضروری معلومات فراہم کرے۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی 15 دن کے اندر اپنی جامع رپورٹ اور سفارشات مجاز اتھارٹی کو پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert