کڑی پابندیاں ، وحشیانہ بمباری ،شدید جانی و مالی نقصانات ، بحری ناکہ بندی کچھ کام نہیں آیا ، ایرانی قوم کے جذبۂ ایمانی ، منظم نظریاتی قوت اور جنگی تیاری نے طاغوت کو جھکنے پر مجبور کر دیا ہے:خواجہ سعد رفیق


لاہور (قدرت روزنامہ) لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے ایران پر کڑی پابندیاں ، وحشیانہ بمباری ،شدید جانی و مالی نقصانات ، بحری ناکہ بندی کچھ کام نہیں آیا ، ایرانی قوم کے جذبۂ ایمانی ، منظم نظریاتی قوت اور جنگی تیاری نے طاغوت کو جھکنے پر مجبور کر دیاہے۔ ایران نے ہمیشہ کہا کہ ایٹمی توانائی کے حصول کا مقصد پرامن مقاصد کیلئے ہے ایٹم بم کیلئے نہیں ۔ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے ہمیشہ تصدیق کی کہ ایران کے ایٹم بم بنانے کے کوئی ثبوت نہیں ملے لیکن صیہونیوں کی شہ پر امریکی حکمران مسلسل جھوٹ بولتے رہے۔ امریکہ کو اس جنگ میں خجالت اور عالمی تنہائی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔
اپنے’’ ایکس‘‘ بیان میں انہوں نے کہا ایران کی اس فتح میں عالمی ضمیر کا بڑا حصہ ہے، کوئی نیٹو اتحادی اس صیہونی امریکی جنگ کا ایندھن نہیں بنا ، سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک تحمل اور تدبر سے جنگ کا چارہ نہیں بنے ۔ ساری دنیا نے بلا تفریق مذہب ، نسل اس جنگ کی کھُل کر مذمت کی ۔ پاکستان نے اپنی سخت ترین معاشی کمزوریوں کے باوجود سپر پاور کی سائیڈ لینے یا کسی معاشی طاقت کا کوئی دباؤ قبول کرنیکی بجاۓ بھڑکتی آگ بجھانے کیلئے آزادانہ تاریخی مصالحتی کردار ادا کیا ۔دنیا امریکی صیہونی استعمار کے ناجائز دباؤ سے آزاد ہو رہی ہےاور ہو کر رہے گی ۔

WhatsApp
Get Alert