ایف سی ہیڈ کوارٹر حملہ، خودکش بمبار خاتون کا سہولت کار افغانستان فرار، اہلیہ کا بیان سامنے آگیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی پریس کانفرنس میں دہشت گرد تنظیم کی خودکش بمبار خاتون کے سہولت کار کے افغانستان فرار کا انکشاف سامنے آیا ہے، سہولت کار کی اہلیہ کا بیان بھی سامنے آگیا۔خودکش بمبار خاتون نومبر 2025 میں ایف سی ہیڈ کوارٹر حملے میں ملوث تھی۔
دالبندین کی رہائشی خاتون رحیمہ بی بی کا کہنا ہے کہ میرے شوہر کا نام منظور احمد ہے۔ شوہر نے خودکش بمبار خاتون کو گھر پر پناہ دی۔ بمبار خاتون کی تصویر دیکھ کر پتہ چلا کہ یہ تو وہی بمبار خاتون ہے جو ہمارے گھر پر رہی۔ شوہر منظور احمد اب افغانستان فرار ہوگیا ہے۔
خاتون نے بیان دیا کہ میرا شوہر کہتا ہے کہ اب میری بیوی کو قتل کردو، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ میری گرفتاری کا سن کر بھی شوہر منظور احمد نے مجھے اکیلا چھوڑ دیا تھا۔ افغانستان روانگی سے قبل میں اور میرا بھائی زبیر گرفتار ہوگئے۔ خودکش حملے کے بعد منظور احمد افغانستان چلاگیا اور مجھے بھی بلانے کی کوشش کی۔
بیان میں خاتون کا کہنا ہے کہ30 نومبر 2025 کو ایف سی ہیڈ کوارٹر نوکنڈی پر خودکش حملہ ہوا۔ اسی روز میرے شوہر نے مجھے ایک تصویر دکھائی اور کہا کہ یہ وہی خاتون تھی، جس نے حملہ کیا اور بعد ازاں افغانستان فرار ہوگیا۔بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو دہشت گردوں کے خلاف تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔
