کوئٹہ کاسی روڈ دو بھائیوں کا قتل کیس: نامزد ملزم سب پولیس انسپکٹر تاحال مفرور، سرکاری اسلحے کے استعمال کا شبہ، قانون کے محافظوں کا جرائم میں ملوث ہونا لمحہ فکریہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ آصف خان نے دو بھائیوں کے قتل کیس کے حوالے سے پولیس کا مقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں اور حقائق کو جلد منظر عام پر لایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نامزد ملزم انسپکٹر نقیب اللہ نے واردات میں سرکاری پستول استعمال کیا ہے یا نہیں، اس حوالے سے تصدیق کا عمل جاری ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی بھی بااثر شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
پولیس نے واقعے میں سہولت کاری کے الزامات کی بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ قتل میں مدد فراہم کرنے والے عناصر کا بھی تعین کیا جا سکے۔آصف خان نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور لواحقین کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس حساس معاملے پر گمراہ کن خبروں سے اجتناب کریں اور صرف مصدقہ معلومات پر بھروسہ کریں۔ پولیس کی ٹیمیں مکمل تندہی سے کام کر رہی ہیں تاکہ مفرور ملزم کو قانون کی گرفت میں لا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
