عثمان بزدار کے یوسف رضا گیلانی کا ڈرائیور بن کر سامنے آنے پر شہبازگل کا ردعمل آگیا
عثمان بزدار کی حرکت سے دل ٹوٹا ہے، عمران خان کو بھی بے حد افسوس ہوگا، کچھ تو خیال کرنا چاہیئے تھا؛ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا ڈرائیور بن کر سامنے آنے پر تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر چند تصاویر وائرل ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر براجمان رہنے والے عثمان بزدار دکھائی دے رہے ہیں، جو وزارت اعلیٰ ختم ہونے اور خاص طور پر پی ٹی آئی پر برا وقت آنے کے بعد سے منظر عام سے غائب ہوچکے تھے، تاہم اب سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں وہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی گاڑی ڈرائیو کرتے نظر آئے، اس کے علاوہ ایک اور تصویر میں وہ یوسف رضا گیلانی، گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کھڑے مسکراتے ہوئے بھی دکھائی دیئے۔
عثمان بزدار نے بھی منظر عام پر آتے ہی چھرا گھونپ دیا ہے۔ pic.twitter.com/8jFRfkxLAp
— Ahmad Hassan Bobak (@ahmad__bobak) April 19, 2026
اس معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کی حرکت سے بہت افسوس ہوا ہے، عثمان بزدار کی حرکت سے دل ٹوٹا ہے، ان حالات میں عثمان بزدار کو یہ حرکت نہیں کرنی چاہیئے تھی، عثمان بزدار کی اس حرکت کا جب عمران خان کو پتہ چلے گا تو عمران خان کو بھی بے حد افسوس ہوگا، بشریٰ بی بی کی پرسوں ہی فیملی کے بغیر ہی سرجری ہوئی ہے، عمران خان پر ظلم سامنے ہے اور آپ یوسف رضا گیلانی کے ڈرائیور بن گئے، آپ کو کچھ تو خیال کرنا چاہیئے تھا۔
