خضدار حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت قابلِ افسوس، امن دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، نواب ثنا اللہ زہری کا حکومتی کارروائی کا مطالبہ


خضدار (ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلی بلوچستان چیف اف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں گزشتہ روز باغبانہ کھنڈوزئی میں پولیس ٹیم پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش واقع میں لیڈی پولیس کانسٹیبل اورکانسٹیبل سمیع اللہ باجوئی کی شہادت افسوس ناک واقعہ ہے یہ حملہ جھالاوان کے امن اور روایات پر سنگین حملہ ہے انہوں نے کہا کہ اپنے فرض منصبی کی ادائیگی کے دوران لیڈی پولیس اہلکار اور نوجوان کانسٹیبل نے جس دلیری اور بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے لیکن یہ بزدلانہ واقعہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے جس نے ہر دل کو رنجیدہ اورماحول کو افسردہ کر دیا ہے ۔ نواب ثنا اللہ خان زہری نے تعزیتی بیان میں شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں بلوچستان بھر میں امن و امان کو قرار رکھنے کے لیے جس طرح پولیس کے جوانوں نے جوانمردی سے خون کا نزرانہ دیکر امن دشمنوں کا مقابلہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے انہوں نے کہا کہ ائے روز دشت گردوں کا پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ امن و امان کو خراب کرنے کی ایک مذموم کوشش ہیں لیکن ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔چیف اف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ باغبانہ کھنڈوزئی واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لایا جائے ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے جھالاوان کے عوام محب وطن ہے دہشت گردوں کے عزائم کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں نواب ثنا اللہ خان زہری نے اپنے تعزیتی بیان میں شہدائے کی بلند درجات کے لیے دعا اور واقعہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی شہدا کے خاندانوں سے تعزیت دلی ہمدردی کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر شریک ہیں۔

WhatsApp
Get Alert