کوئٹہ کے دل سے معصوم بچے کا اغواء لمحہ فکریہ، حکومت اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو محض دعوؤں تک محدود نہ رکھیں، پشتونخوا میپ کا مغوی کی بازیابی کا مطالبہ

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، ضلع کوئٹہ کے معاون سیکرٹری نعیم خان اچکزئی نے پارٹی کے دیگر عہدیداروں و کارکنوں کے ہمراہ پارٹی رکن محیب اللہ کے گھر جاکر ان کے معصوم فرزند مغوی مزمل خان کے خاندان سے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس صدر ٹان کے رہائشی مجیب اللہ کے معصوم بچے کو اغوا کاروں نے 15 اپریل 2026 شام 7 بجے کے بعد صدر ٹان گلی نمبر 1 سے اغوا کیا تھا۔ اغوائکاروں نے بذریعہ وٹس ایپ مغوی کے والد سے رابطہ کرکے رہائی کے عیوض 60 ہزار ڈالر کی فراہمی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں بچے مزمل خان کے ٹکڑے کیئے جائیں گے کی سنگین دھمکیاں دی ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی اغوا برائے تاوان کے اس واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اغوا کاروں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے اور مغوی مزمل خان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائیں۔
