وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئلہ پھاٹک تا چمن پھاٹک بلیک ٹاپ روڈ کا افتتاح کر دیا، ڈبل روڈ کی تعمیر کا اعلان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئلہ پھاٹک تا چمن پھاٹک بلیک ٹاپ روڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے مطابق 1.02 کلومیٹر طویل یہ سڑک محض 76 دنوں میں مکمل کی گئی، جو حکومتی کارکردگی اور مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہے۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 33 کروڑ 83 لاکھ 60 ہزار روپے تھی جبکہ اس پر 30 کروڑ 86 لاکھ 30 ہزار روپے کے اخراجات آئے، جس کے نتیجے میں 2 کروڑ 97 لاکھ 30 ہزار روپے کی بچت بھی حاصل ہوئی۔

سیکرٹری مواصلات کے مطابق اس منصوبے سے ایئرپورٹ روڈ، شہباز ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور دیگر ملحقہ علاقوں کے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محض 76 دنوں میں اس اہم شاہراہ کی تکمیل حکومت کی کارکردگی اور بہتر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاگت میں بچت شفافیت اور وسائل کے دانشمندانہ استعمال کی مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کی تعمیر سے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی اور آمدورفت میں بہتری آئے گی۔ حکومت بلوچستان عوام کو معیاری انفراسٹرکچر فراہم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئلہ پھاٹک تا چمن پھاٹک روڈ کو ڈبل روڈ بنانے کا بھی اعلان کیا۔
