پی ایس ایل 11: پشاور کی 8ویں فتح، کراچی کو 7 وکٹوں سے شکست

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 32ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے باآسانی ہرادیا۔ زلمی کی ٹیم 9 میچز کھیلنے کے بعد اب بھی ناقابلِ شکست ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس اہم میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔
جیسن روئے نے 51 گیندوں پر 85 رنز نے شاندار اننگز کھیلی۔ اعظم خان 35 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ریزا ہینڈرکس 13، سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ نے 12، 12 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 11 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے ہیٹ ٹرک بنائی، انہوں نے 41 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان محمد باسط، افتخار احمد، ایروان ہارڈی اور صفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنرز بابر اعظم 25 اور سیزن میں پہلا میچ کھیلنے والے جیمز وینس 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تاہم ان فارم اور ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کوشل مینڈس نے 80 رنز اور نوجوان فرحان یوسف نے 58 رنز ناقابلِ شکست بنا کر ٹیم کو ایونٹ میں 8ویں فتح سے ہمکنار کیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، خوشدل شاہ اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
پشاور زلمی کے کوشل مینڈس کو بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ آج پچ اچھی لگ رہی ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابھی راؤنڈ میچز چل رہے ہیں، اسی پر فوکس کر رہے ہیں۔
